حضرت سيدتنا اسماء بنت حضرت سيدناصديق اکبررضی اللہ تعالیٰ عنہماسے مروی ہے کہ :''وہ ہجرت کے بعد مدينہ منورہ آئيں تو مقام قبا ميں ان کے ہاں ولادت ہوئی اور حضرت عبد اللہ بن زبير رضی اللہ تعالیٰ عنہ پيدا ہوئے۔فرماتی ہيں کہ ميں بچہ کولے کر نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسول اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ والہٖ وسلم کی خدمت اقدس ميں حاضر ہوئی اور ميں نے اس کو آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی مبارک گود ميں رکھ ديا ، آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے چھوہارا منگوايا اور اسے چبايا ،پھر اس ميں اپنا لعاب دہن ڈالا،پس سب سے پہلے اس کے پیٹ میں جو پہنچا وہ جنابِ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کا لعاب مبارک تھا پھر اسے کھجور کی گھٹی دی،پھر اس کے ليے دعائے خير کی اور برکت سے نوازا ،يہ اسلام ميں پہلا بچہ پيدا ہواتھا۔ ''