Brailvi Books

تربیت اولاد
154 - 185
(۱۸)والد ین کا ادب واحترام :
        اپنی اولاد کو والدین کا ادب بھی سکھائيے ۔حضرت سیدناابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے مروی ہے کہ سرکارِ مدینہ ،فیض گنجینہ ،راحتِ قلب وسینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا:''جس نے اپنے ماں باپ کی فرمانبرداری کی حالت میں صبح کی تو اس کے لئے جنت کے دو دروازے کھول دیئے جاتے ہیں ،اور اگر والدین میں سے ایک ہو تو ایک دروازہ کھلتا ہے ۔اور جس نے اس حال میں صبح کی کہ وہ اپنے والدین کا نافرمان ہو تو اس کے لئے جہنم کے دو دروازے کھول دئيے جاتے ہیں اور اگر والدین میں سے ایک ہو تو ایک دروازہ کھلتا ہے۔''ایک شخص نے عرض کی : ''اگرچہ والدین ظلم کریں ؟ ''ارشاد فرمایا: ''اگرچہ ظلم کریں ،اگرچہ ظلم کریں ، اگرچہ ظلم کریں ۔''
(شعب الایمان،باب فی بر الوالدین،فصل فی حفظ اللسان ...الخ،الحدیث۷۹۱۶،ج۶،ص۲۰۶)
    حضرت سیدناابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے مروی ہے کہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا:''جو نیک اولاد اپنے والدین کی طرف محبت کی نگاہ سے دیکھے تو اللہ عزوجل اس کی ہرنگاہ کے بدلے ایک مقبول حج کا ثواب لکھے گا ۔''عرض کی گئی :''اگرچہ روزانہ سو مرتبہ دیکھے ؟''فرمایا:''ہاں،اللہ تعالیٰ سب سے بڑا اور پاک ہے ۔''
(شعب الایمان، کتاب الایمان،باب فی بر الوالدین،الحدیث۷۸۵۹،ج۶،ص۱۸۶)
Flag Counter