والدین کو چاہيے کہ اپنی اولاد کو صاف ستھرا رہنے کی تاکید کریں ۔ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا :''اللہ تعالیٰ پاک ہے،پاکی پسند فرماتا ہے ،ستھرا ہے،ستھرا پن پسند کرتاہے ۔''
(جامع الترمذی،کتاب الادب ،باب ماجاء فی النظافۃ،الحدیث۲۸۰۸،ج۴،ص۳۶۵)
سرکارِ مدینہ ،فیض گنجینہ ،راحتِ قلب وسینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا : ''پاکیزگی نصف ایمان ہے ۔''
(صحیح مسلم،کتاب الطھارۃ ،باب فضل الوضوء، الحدیث۲۲۳،ص۱۴۰)
اپنی اولاد کو مختلف دعائیں سکھائيے مثلاًکھانا کھانے کی دعا، سونے جاگنے کی دعا، مصیبت زدہ کو دیکھ کر پڑھنے والی دعا ، کسی نقصان پر پڑھی جانے والی دعاوغیرہ ۔ اس کے لئے مختلف دعاؤں کا مجموعہ ''بہارِ دعا'' مکتبۃ المدینہ سے حاصل کیجئے ۔