Brailvi Books

تربیت اولاد
14 - 185
آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے خاموشی اختیار کر لی،پھروہ شخص اپنے گھرچلا گیا ۔

    رات کو اس نے اپنے والد کو خواب میں انتہائی خوش وخرم دیکھا ،انہوں نے سبز لباس پہن رکھا تھا اور فرما رہے تھے کہ'' غوثِ پاک رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی دعا سے اللہ تعالیٰ نے میرا عذاب ختم کر دیا ہے اور انہی کے فیض سے مجھے یہ لباس پہنایا گیا ہے،لہٰذا میں تجھے ہدایت کرتاہوں کہ ان کی خدمت میں حاضری اپنے لئے لازم کر لے ۔'' اس شخص نے یہ واقعہ غوثِ اعظم رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی خدمت میں پیش کیا تو آپ نے فرمایا کہ''خدا عزوجل کی قسم ! مجھ سے یہ وعدہ کیا گیا ہے کہ جو کوئی بھی میرے مدرسے کے پاس سے گزر جائے گا تو اس کے عذاب میں تخفیف کر دی جائے گی۔''
(بہجۃ الاسرار،باب ذکر فضل اصحابہ وبشراھم ،ص۱۹۴)
ایصالِ ثواب کا فائدہ:
    حضرت محی الدین ابنِ عربی رحمۃ اللہ تعالیٰ عليہ ایک دعوت میں تشریف لے گئے۔ وہاں ایک نوجوان بھی موجود تھا جوکہ کشف کے معاملے میں معروف تھا ۔آپ نے دیکھا کہ کھانا کھاتے ہوئے وہ دفعتاً(یعنی اچانک) رونے لگا۔وجہ معلوم کرنے پر اس نے بتایا کہ'' بذریعہ کشف مجھے معلوم ہوا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے حکم سے فرشتے میری ماں کو جہنم میں لے جارہے ہیں۔'' آپ فرماتے ہیں کہ ''میرے پاس ستر ہزار مرتبہ کلمہ طیبہ پڑھا ہوا محفوظ تھا ۔ میں نے دل ہی دل میں اس کی ماں کو ایصالِ ثواب کر دیا۔'' وہ لڑکا فوراً ہنس پڑا ،میں نے سبب پوچھا تو کہنے لگا کہ :''میں نے ابھی دیکھا ہے کہ فرشتے میری ماں کو جنت کی طرف لے جارہے ہیں ۔''
(ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت ،حصہ اول ،ص۱۰۴)
Flag Counter