| تربیت اولاد |
(۳) راہ چلنے میں بلاضرورت بار با ر اِدھر اُدھر دیکھنے سے بچیں اور سڑک عبور کرتے وقت گاڑیوں والی سمت دیکھ کر سڑک عبور کریں ۔اگر گاڑی آرہی ہو توسڑک کی طرف بے تحاشا بھاگ نہ پڑیں بلکہ کنارے پر ہی رک جائیں کہ اس میں حفاظت کا زیادہ امکان ہے ۔
لباس پہننے کے آداب:
اس سلسلے میں ان کا ذہن بنائیں کہ
(۱) سفید لباس ہر لباس سے بہتر ہے کہ حدیث شریف میں اس کی تعریف آئی ہے ۔چنانچہ حضرت سیدناسمرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا:''سفید کپڑے پہنا کرو کہ وہ بہت پاکیزہ اور پسندیدہ ہیں۔''(جامع الترمذی ،کتاب الادب ،باب ماجاء فی لبس البیاض ،الحدیث ۲۸۱۹،ج۴،ص۳۷۰)
(۲) جب کپڑا پہننے لگیں تو یہ دعا پڑھیں ،اگلے پچھلے گناہ معاف ہوجائیں گے ۔
''اَلْحَمْدُلِلّٰہِ الَّذِیْ کَسَانِیْ ھٰذَا وَرَزَقَنِیْہِ مِنْ غَیْرِ حَوْلٍ مِّنِّیْ وَلَا قُوَّۃً
ترجمہ: اللہ عزوجل کا شکر ہے جس نے مجھے یہ پہنایا اور بغیر میری قوت وطاقت کے مجھے یہ عطا کیا۔
(المستدرک،کتاب اللباس ،باب الدعاء عندفراغ الطعام ،الحدیث ۷۴۸۶،ج۵،ص۲۷۰)
(۳) پہنتے وقت سیدھی طرف سے شروع کریں مثلاً جب کرتہ پہنیں تو پہلے سیدھی آستین میں سیدھا ہاتھ داخل کریں پھر الٹی میں ، اسی طرح پاجامہ میں پہلے سیدھے پائنچے میں سیدھا پاؤں داخل کریں اور جب اتارنے لگیں تو اس کے برعکس