جب بچہّ سات سال کا ہوجائے تو اسے نماز پڑھنا سکھائیں اور اسے پانچوں وقت کی نماز ادا کروائیں تاکہ بچپن ہی سے ادائیگی نماز کی عادت پختہ ہو ۔ بچے کوبالخصوص صبح سویرے اٹھنے اور وضو کر کے نماز پڑھنے کی عادت ڈالئے۔مگر سردیوں میں بچے کو وضو کے لئے نیم گرم پانی مہیا کیجئے تاکہ وہ سردپانی کی مشقت سے گھبرا کر وضو اور نماز سے جی نہ چرائے۔ بلکہ والد صاحب کو چاہيے کہ اسے مسجد میں اپنے ساتھ لے جائیں لیکن پہلے اسے مسجد کے آداب سے آگاہ کردیں کہ مسجد میں شور نہیں مچانا، ادھر ادھر نہیں بھاگنا، نمازیوں کے آگے سے نہیں گزرنا وغیرہ ۔ پھر اسے جماعت کی سب سے آخری صف میں دوسرے بچوّں کے ساتھ کھڑا کريں ۔اس حکمتِ عملی کی بدولت بچےّ کا مسجد کے ساتھ روحانی رشتہ قائم ہوجائے گا ، ان شاء اللہ عزوجل۔
شاہِ بنی آدم ، نبی مکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا:'' بچوں کو سات سال کی عمر ہوجانے پر نماز سکھاؤاور دس سال کے ہوجانے پر انہیں نماز کے معاملے پر مارو ۔''