Brailvi Books

تربیت اولاد
110 - 185
اولیاء کرام رحمہم اللّہ کا ادب سکھائيے
    اپنی اولاد کو اللہ تعالیٰ کے ولیوں کا ادب سکھائيے اور ان کی پیروی کا ذہن بنائيے ۔اپنے مقبول بندوں کے بارے میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے :
اَلَاۤ اِنَّ اَوْلِیَآءَ اللہِ لَاخَوْفٌ عَلَیۡہِمْ وَلَا ہُمْ یَحْزَنُوۡنَ ﴿ۚۖ۶۲﴾
ترجمہ کنزالایمان: سن لو بے شک اللہ کے ولیوں پر نہ کچھ خوف ہے نہ کچھ غم ۔(پ ۱۱،یونس:۶۲)

    نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسول اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالی علیہ واٰلہٖ وسلم کافرمانِ ذیشان ہے :''جو اللہ عزوجل کے کسی ولی سے دشمنی رکھے تحقیق اس نے اللہ عزوجل سے اعلانِ جنگ کردیا۔''
(سنن ابن ماجہ، کتاب الفتن ،باب من ترجی لہ السلامۃ من الفتن ،الحدیث۳۹۸۹،ج۴،ص۳۵۰)
    لیکن یادرکھئے! کہ کوئی بھی ولی چاہے وہ کیسا ہی عظیم ہو،احکامِ شرعیہّ کی پابندی سے آزاد نہیں ہوسکتا ،چنانچہ داڑھی منڈانے ،ایک مٹھی سے گھٹانے، گالیاں بکنے ، گانے سننے ، فلمیں ڈرامے دیکھنے ،نامحرم عورتوں کا ہاتھ پکڑنے والا اور دیگراعلانیہ گناہ کرنے والا شخص کبھی ولی نہیں ہوسکتا ۔ بعض جاہل یہاں تک کہہ دیتے ہیں کہ شریعت ایک راستہ ہے اور راستہ کی حاجت ان کو ہوتی ہے جو مقصود تک نہ پہنچے ہوں،ہم تو پہنچ گئے ۔ ایسوں کے بارے میں سیدالطائفہ حضرت سیدنا جنید بغدادی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا:''بے شک وہ سچ کہتے ہیں، وہ پہنچ گئے مگر کہاں؟ جہنم میں۔''
 (الیواقیت والجواہر،مبحث السادس والعشرون،الجزء الاول،ص۲۰۶)
Flag Counter