Brailvi Books

تربیت اولاد
109 - 185
صحابہ کرام واہلِ بیت رضی اللہ تعالٰی عنہم کی محبت سکھائيے
    اپنے اسلاف سے عقیدت ومحبت کا تعلق ایمان کی مضبوطی کا ذریعہ ہے ۔ اس لئے والدین کو چاہيے کہ اپنے بچوں کے دل میں صحابہ کرام واہل بیت رضی اللہ تعالی عنہم کی عقیدت پیدا کریں ۔ اس کے لئے بچوں کو ان نفوس قدسیہّ کی سیرت کے نورانی واقعات سنائيے ۔

    حضرت سیدنا عبداللہ بن مغفل رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَر صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے ارشاد فرمایا:''میرے صحابہ کے بارے میں اللہ عزوجل سے ڈرو ،میرے بعد انہیں نشانہ اعتراض نہ بنانا ، جس نے ان سے محبت رکھی تو اس نے میری محبت کے سبب ان سے محبت رکھی اور جس نے ان سے بغض رکھا تو اس نے مجھ سے بغض کے سبب ان سے بغض رکھا اور جس نے انہیں اذیت دی اس نے مجھے اذیت دی اور جس نے مجھے اذیت دی اس نے اللہ تعالیٰ کو اذیت دی ،قریب ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے اپنی گرفت میں لے لے ۔''
 (سنن الترمذی،کتاب المناقب ،باب فی من سبّ اصحاب النبی   ،الحدیث۳۸۸۸،ج۵،ص۴۶۳)
    حضرتِ سیدنا ابوذر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کعبۃ اللہ شریف کا دروازہ پکڑے ہوئے فرمایاکہ میں نے سرکارِ مدینہ ،فیض گنجینہ ،راحتِ قلب وسینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا :''خبردار! تم میں میرے اہل ِ بیت کی مثال کشتی نوح علیہ السلام کی طرح ہے ،جو اس میں سوار ہوا ،وہ نجات پاگیا اور جو پیچھے رہاوہ ہلاک ہوگیا۔''
 (المستدرک ،کتاب معرفۃ الصحابۃ رضی اللہ تعالیٰ عنہم،باب وعد نی ربی فی اہل بیتی ...الخ،الحدیث۴۷۷۴،ج۴،ص۱۳۲)
Flag Counter