| تربیت اولاد |
عظمت و کمال، دافع رنج و مَلال، صاحب جودو نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ والہٖ وسلّم کا فرمانِ عظمت نشان ہے:''جس نے دن اوررات میں میری طرف شوق ومحبت کی وجہ سے تین تین مرتبہ دُرُودِ پاک پڑھا اللہ تعالیٰ پر حق ہے کہ وہ اُس کے اُس دن اوراُس رات کے گناہ بخش دے ۔' '
(المعجم الکبیر ،الحدیث ۹۲۸، ج۲،ص۳۶۱)
صلوا علی الحبیب صلی اللہ تعالٰی علٰی محمد
والدین کو چاہيے کہ جب بھی نبی کریم ،رء وف رحیم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کا نام اقدس آئے تو اپنے انگوٹھو ں کو چوم کر آنکھوں سے لگا لیں۔ اس کا ثبوت اس روایت میں ہے کہ
حضرتِ سیدنا امامِ حسن المجتبیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا:'' جوشخص مؤذن کواَشْھَدُاَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُوْلُ اللہِ
کہتے سنے اور یہ دعا پڑھے
مَرْحَبَا بِحَبِیْبِیْ وَقُرَّۃِ عَیْنِیْ مُحَمَّدِ بْنِ عَبْدِاللہِ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہِ وَسَلّمْ
اور اپنے انگوٹھوں کو چوم کر آنکھوں سے لگائے تو نہ کبھی اندھا ہو اور نہ کبھی اس کی آنکھیں دُکھیں ۔
(المقاصد الحسنۃ،تحت الحدیث ۱۰۲۱،ص۳۹۰)
سید المحبوبین صلی اللہ تعالیٰ عليہ والہ وسلم کا ذکر نورِ ایمان وسُرورِ جان ہے ۔اس لئے والدین کو چاہيے کہ اپنے بچےّ میں سرکارِ مدینہ ،فیض گنجینہ ،راحتِ قلب وسینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی نعت شریف پڑھنے اور سننے کا ذوق وشوق بیدار کریں ۔