Brailvi Books

تربیت اولاد
103 - 185
    بچے کے ذہن میں جنت کا شوق اور جہنم کا خوف بٹھائيے ۔اس سلسلے میں بچے کی سمجھ بوجھ کے مطابق انعاماتِ جنت اور عذاباتِ جہنم کی روایات سنائيے اور اسے بتائيے کہ اگر ہم اللہ تعالیٰ اور اس کے پیارے محبوب ،دانائے غیوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی اطاعت کریں گے تو ہمیں جنت ملے گی اور اگراللہ عزوجل کی نافرمانی میں زندگی بسر کی تو جہنم کا عذاب ہمارا منتظر ہوگا ۔والعیاذ باللہ
(ماخوذ از بہارشریعت ،حصہ اوّل)
حکایت:
    ایک بزُرگ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نہر کے کنارے پر چل رہے تھے کہ آپ نے دیکھا کہ ایک بچہّ کنارے پر بیٹھا وضو کر رہا ہے اور رو بھی رہا ہے ۔ آپ نے پوچھا ، ''اے منّے! تم کیوں رو رہے ہو؟'' اس نے عرض کی :'' میں قرآن پاک کی تلاوت کر رہا تھا ، جب میں اس آیت پر پہنچا :
یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا قُوۡۤا اَنۡفُسَکُمْ وَ اَہۡلِیۡکُمْ نَارًا وَّ قُوۡدُہَا النَّاسُ وَ الْحِجَارَۃُ
ترجمہ کنزالایمان :ا ے ایمان والو! اپنی جانوں اور اپنے گھر والوں کواس آگ سے بچاؤ جس کے ایندھن آدمی اور پتھر ہیں ۔(پ۲۸،التحریم: ۶)

تو میں ڈر گیا کہ اللہ تعالیٰ کہیں مجھے جہنم میں نہ ڈال دے ۔'' آپ نے فرمایا:'' مُنّے ! تم تو بہت چھوٹے ہو ، تم جہنم میں نہیں جاؤگے ۔'' وہ کہنے لگا:''باباجان ! آپ تو سمجھ دار ہیں ، کیا آپ نہیں جانتے کہ جب لوگ اپنی ضرورت کے لئے آگ جلاتے ہیں تو پہلے چھوٹی لکڑیوں کو رکھتے ہیں پھر بڑی لکڑیاں آگ میں ڈالتے ہیں ۔''
Flag Counter