| تلخیص اُصول الشاشی مع قواعد فقہیہ |
متقابلات سے مراد وہ آٹھ چیزیں ہیں جو ایک دوسرے کے مقابلے میں واقع ہوتی ہیں۔ جیسے ''ظاہر'' کے مقابلے میں'' خفی''،'' نص''کے مقابلے میں'' مشکل''،'' مفسر'' کے مقابلے میں'' مجمل''، اور'' محکم'' کے مقابلے میں ''متشابہ''۔اب ان میں سے ہر ایک کی الگ الگ وضاحت کی جاتی ہے۔
ظاہر کی تعریف :
ظاہر سے مراد وہ کلام ہے جسے محض سنتے ہی اس کی مراد بغیر کسی تامل (غوروفکر)کے سامع پر واضح ہو جائے۔
ظاہر کی مثال :
اللہ عزوجل نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا:
( وَاَحَلَّ اللہُ الْبَیۡعَ وَحَرَّمَ الرِّبٰوا ؕ )
ترجمہ کنزالایمان:'' اوراللہ نے حلال کیا بیع کواورحرام کیاسود۔''[البقرۃ: ۲۷۵] اس کلام کواس لیے لایا گیا تاکہ کفار کے اس دعوی کی تردید ہو کہ بیع اور سود دونوں ایک ہی ہیں۔ لہذا اس کلام کو سنتے ہی اسکی مراد سامع پر بالکل واضح ہو گئی کہ بیع اور سود کے درمیان فرق ہے۔