Brailvi Books

تلخیص اُصول الشاشی مع قواعد فقہیہ
105 - 144
تکمیل علت میں مانع :

    ایسا مانع جو انعقادِ علت میں تو رکاوٹ نہ بنے لیکن تکمیلِ علت میں رکاوٹ پیدا کر دے۔مثلا مالِ مخصوص کاپورے سال ملکیت میں ہوناوجوبِ زکوۃ کی علت ہے لیکن سال پورا ہونے سے پہلے اگر مال ضائع ہوجائے تویہ تکمیلِ علت یعنی مال نصاب پر کامل سال گزر جانے کو مانع ہے اگرچہ انعقادِ علت میں مانع نہیں کیونکہ شروع سال میں تومال موجود تھا۔

ابتدائے حکم میں مانع :

    ایسا مانع جو علت کے پائے جانے کے باوجود حکم کے نفاذ میں رکاوٹ پیدا کر دے۔ مثلابیع مکمل ہوجانے پر ثبوتِ ملکیت کا حکم لگتا ہے لیکن خیارِ شرط (بائع یا مشتری میں سے کسی نے تین دن کا اختیار رکھا تو یہ)ثبوتِ حکم یعنی ملکیت میں رکاوٹ ہے یعنی جب تک خیار باقی ہے ملکیت کی ابتداء بھی نہیں ہوگی۔لہذا یہاں علتِ بیع تو پائی گئی لیکن خیارِ شرط مانع کی وجہ سے حکمِ ملکیت کی ابتداء بھی نہ ہو ئی۔

دوام حکم میں مانع :

    ایسا مانع جو حکم کے نفاذ میں تو رکاوٹ نہ ہو لیکن اس کے دوام و باقی رہنے میں رکاوٹ پیدا کر دے۔مثلاکسی نے اگر بغیر دیکھے کوئی چیز خیارِ رؤیت کے ساتھ خرید لی تو وہ اس کی ملک میں آجائے گی لیکن دیکھنے پر اگر اس نے انکار کر دیا تووہ شیء اس کی ملکیت سے نکل جائے گی یعنی خیارِ رؤیت دوامِ حکم میں مانع ہے۔