بعض اوقات کسی رکاوٹ کے سبب کسی چیز پرحکمِ شرعی نہیں لگتااس رکاوٹ کو اصول فقہ کی اصطلاح میں مانع کہتے ہیں اور اسکی جمع موانع ہے۔
موانع شرعیہ چار ہیں :
۱۔۔۔۔۔۔انعقاد علت میں مانع ۲۔۔۔۔۔۔تکمیل علت میں مانع
۳۔۔۔۔۔۔ابتدائے حکم میں مانع ۴۔۔۔۔۔۔دوام حکم میں مانع۔
انعقاد علت میں مانع :
ایسا مانع جس کی وجہ سے علت کا انعقاد ہی نہ ہوسکے۔مثلاکسی چیزکی بیع اس شیء کے کسی کی ملکیت میں دخول کی علت ہے لیکن مردار اور خون کی بیع ملکیت میں دخول کی علت نہیں بن سکتی کیونکہ ملکیت میں دخول کے لئے جس طرح یہاں بیع کی ضرورت ہے اسی طرح بیع کے لئے یہ ضروری ہے کہ مبیع مال ہو جبکہ مردار اور خون مال نہیں ۔لہذا ان دونوں کے مال نہ ہونے کی وجہ سے بیع منعقد نہیں ہو گی جو کہ علت ہے ملکیت میں دخول کی۔خلاصہ کلام یہ ہے کہ یہاں بیع علت ہے،''ملکیت میں داخل ہونا'' حکم اور''مردار و خون کا مال نہ ہونا''مانع ہے۔