Brailvi Books

تلخیص اُصول الشاشی مع قواعد فقہیہ
101 - 144
اس کا حکم :

     قیاس کی اس قسم کا حکم یہ ہے کہ مقیس اور مقیس علیہ کے درمیان مطلق فرق سے یہ باطل نہیں ہوتا، کیونکہ اول تو قیاس کی شرائط میں جمیع اوصاف میں اتحاد ہونا شرط نہیں ہے اور دوسرے یہ کہ جب اصل و فرع علت میں متحد ہونگے تو لازماً حکم میں بھی متحد ہونا چاہے اگرچہ اس کے علاوہ دوسری علت میں ان کے درمیان فرق ہو۔

دوسری قسم :

     حکمِ فرع حکمِ اصل کی جنس سے ہو، یعنی فرع کی طرف متعدی کیا جانے والا حکم اصل میں پائے جانے والے حکم کی جنس سے ہو۔مثلاغلاموں کو بغیر اجازت گھروں میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے اور اس کی علت کثرتِ طواف بیان کی گئی ہے کیونکہ ان کا گھروں میں باربار آنا جانارہتاہے اور بارباراجازت لینے میں حرج کی وجہ سے انہیں بغیر اجازت ہی گھروں میں داخل ہونے کی رخصت دی گئی اسی طرح بلی بھی گھروں میں کثرت سے آمدو رفت رکھتی ہے اور اس کے جھوٹے کو نجس قرار دینا حرج کا باعث ہے لہذااسی علت یعنی کثرتِ طواف کی بناء پر اس حکمِ نجاست کو ساقط کردیا گیا۔

اس کا حکم :

    اس قسم کا قیاس مانع کی منع سے فاسد ہوسکتا ہے۔اس طور پر کہ وہ اس بات کا ہی انکار کر دے کہ یہ علت اصل و فرع دونوں کو شامل ہے۔