دنیا کے مختلف مُمالِک میں ہزاروں مقامات پر ہونے والے ہفتہ وار سُنّتوں بھر ے اجتِماعات کے علاوہ عالَمی اور صوبائی سطح پربھی سُنّتوں بھرے اجتِماعات ہوتے ہیں ۔جن میں ہزاروں ،لاکھوں عاشقانِ رسول شرکت کرتے ہیں اور اجتماع کے بعد خوش نصیب اسلامی بھائی سُنّتو ں کی تربيّت کے مَدَنی قافلوں کے مسافِر بھی بنتے ہیں ۔ مدینۃُالاولیاء ملتان شریف (پاکستان )میں واقِع صَحرائے مدینہ کے کثیر رقبے پر ہر سال تین دن کا بینَ الاقوامی سُنّتوں بھرا اجتماع ہوتا ہے۔جس میں دنیا کے کئی مُمالِک سے مَدَنی قافِلے شرکت کرتے ہیں۔بِلا شُبہ یہ مسلمانوں کا حج کے بعد سب سے بڑا اجتماع ہوتا ہے۔صَحرائے مدینہ مدینۃُ الاولیاء ملتان اور صحرائے مدینہ باب المدینہ کراچی کا کثیر رقبہ دعوتِ اسلامی کی مِلکیَّت ہے۔اجتماع کے انتظام کے لیے متعدِّد مجالس کو قائم کیا جاتاہے۔