اِس رِسالے میں تَکَبُّر کی معلومات کو قدرے آسان اندازمیں عنوانات کے تحت حوالہ جات کے ساتھ پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ کم عِلم بھی اِس سے فائدہ حاصل کرسکیں ، پھر بھی عِلم بہت مشکل چیز ہے یہ مُمکِن نہیں کہ علمی دشواریاں بالکل جاتی رہیں ،جو بات سمجھ میں نہ آئے، سمجھنے کے لئے علماء کرام دامت فیوضھم سے رُجوع کیجئے ۔ تَکَبُّر سے نجات کا جذبہ پانے کے لئے شیخِ طریقت امیرِ اہلسنّت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت برکاتہم العالیہ کے کیسٹ بیانات ''مغرور بادشاہ''،''تکبر کسے کہتے ہیں؟''، ''تکبر کی علامات''، ''تکبر کے اسباب'' اورمبلغِ دعوتِ اسلامی ورکنِ شورٰی و نگران پاکستان انتظامی کابینہ حاجی محمدشاہد عطاری سَلَّمَہُ الْبَارِی کابیان ''باطنی امراض کا عِلاج'' سننابھی بے حد مفید ہے ۔
اس اہم رسالے کو نہ صرف خود پڑھئے بلکہ دیگر اِسلامی بھائیوں کوبھی پڑھنے کی ترغیب دے کر نیکی کی دعوت کو عام کرنے کا ثواب کمائیے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں ''اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اِصلاح کی کوشش'' کرنے کے لئے مَدَنی اِنعامات پر عمل اور'' مَدَنی قافلوں'' کا مسافر بنتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمِین بِجاہِ النَّبِیِّ الاَمِین صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم