ٹی وی اور مووی |
جب شیخِ طریقت، امیرِ اہلسنّت ،بانئ دعوتِ اسلامی محمد الیاس عطّار قادری رضوی دامت برکاتہم العالیہ سے عرض کی گئی کہ آپ پہلے T.V.کو گھر سے نکالنے کا مشورہ ارشاد فرماتے تھے اور کئی اسلامی بھائیوں نے نکال بھی دئیے مگر اب آپ خود ہی T.V.پر بیان فرمانے لگے ہیں توکیا ایکبار پھر ہم گھروں میں T.V. بسالیں ؟ اس پر آ پ نے جواب ارشاد فرمایا ،
T.V کے نقصانات
افسوس! صد کروڑ افسوس ! آج کل دنیا کے کروڑوں مسلمانوں کے گھروں میں T.V. ہے اور اِس کی وجہ سے بُرائیاں بڑھتی چلی جارہی ہیں۔ T.V.پر ایک طرف فِلموں ، ڈِراموں وغیرہ کے ذَرِیعے اَخلاق و کردار تباہ کیا جارہا ہے تو دوسری طرف اسلام دشمن عناصر کھلَّم کُھلّا اسلام کے خلاف زہر اُگل رہے ہیں ۔ نیز بعض لوگ اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کو ماڈرن انداز میں پیش کرنے کی ناپاک سازشوں کے ذَرِ یعے مسلمانوں کے ایمانوں کو لوٹنے میں مشغول ہیں۔ الغرض T.V. کے ذَرِ یعے بدعملی اور بد عقیدگی پھیلانے کاسلسلہ زوروں پر ہے،ایسے نامُساعِد حالات میں T.V. گھر میں رکھنا ہی نہیں چاہے اگر ہوتو بھی فوری طور پر اِس کو نِکال دینا ضَروری ہے۔رہے وہ لوگ جن کو T.V.سے روکنا ممکن نہیں ، ایسوں کی اِصلاح کیلئے عُلَما ئے کِرام کو ضَرور کوئی راہ نکالنی چاہے ۔