ابو بکر بزار نے غیلانیات میں ابو ایوب انصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کی کہ حضور اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا :روز قیامت بطن عرش سے ایک ندا کرنے والا ندا کریگا کہ اے اہل مجمع! اپنے سر جھکاؤ، آنکھیں بندکرو، یہاں تک کہ حضرت فاطمہ بنت سید عالم محمد مصطفی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم صراط سے گزریں پھر آپ سَترَّ ہزار باندیوں کے ساتھ جو سب حوریں ہوں گی بجلی کے کوندنے کی طرح گزر جائیں گی۔(1)
بخاری و مسلم نے روایت کیا کہ حضور اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ''اے فاطمہ!رضی اللہ تعالیٰ عنہا کیا تم اس پر راضی نہیں ہو کہ تم مومنہ بیبیوں کی سردار ہو۔''(2)
ترمذی و حاکم کی روایت میں ہے حضور علیہ وعلی آلہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا :''مجھے اپنی اہل میں سب سے زیادہ پیاری فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا ہیں۔ ''(3)