| سنتیں اور آداب |
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!
کھانا اللہ تعالیٰ کی بہت لذیذ نعمت ہے ۔ اگر سنتِ احمد ِ مجتبیٰ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم کے مطابق کھانا کھایا جائے تو ہمیں پیٹ بھرنے کے ساتھ ساتھ ثواب بھی حاصل ہوگا ۔ اس لئے ہمیں چاہيے کہ سنت کے مطابق کھانا کھانے کی عادت ڈالیں ۔ کھانا کھانے کی کچھ سنتیں اور آداب ملاحظہ ہوں:(۱) ہرکھانے سے پہلے اپنے ہاتھ پہنچوں تک دھو ليں ۔حضرتِ سیدنا انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَر صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ والہٖ وسلّم نے فرمایا:'' جویہ پسند کرے کہ اللہ تعالیٰ اس کے گھر میں برکت زیادہ کرے تو اسے چاہيے کہ جب کھانا حاضر کیا جائے تو وضو کرے اور جب اٹھایا جائے تب بھی وضو کرے ۔''
(سنن ابن ماجہ،کتاب الاطعمہ،باب الوضوء عند الطعام ،الحدیث۳۲۶۰،ج۴،ص۹)
حکیم الامت مفتی احمدیارخان نعیمی علیہ رحمۃ اللہ الغنی لکھتے ہیں: اس(یعنی کھانے کے وضو ) کے معنی ہیں ہاتھ ومنہ کی صفائی کرنا کہ ہاتھ دھونا کلی کرلینا ۔
(مرأۃ المناجیح ،ج۶،ص۳۲)
(۲)جب بھی کھانا کھائیں تو الٹا پاؤں بچھا دیں اور سیدھا کھڑا رکھیں یا سرین پر بیٹھ جائیں اور دونوں گھٹنے کھڑے رکھیں ۔
(بہار شریعت،حصہ ۱۶،ص۱۹)