حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا:'' تین مرتبہ اجازت طلب کرو اگر اجازت مل جائے تو ٹھیک ورنہ واپس لوٹ جاؤ ۔''
(صحیح مسلم ،کتاب الاستئذان والادب،الحدیث۲۱۵۳،ص۱۱۸۶)
(۵) جو سلام کئے بغیرگھر میں داخلے کی اجازت مانگے اسے داخلہ کی اجازت نہ دی جائے ۔حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم رء و ف رحیم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا:'' جو شخص سلام کے ساتھ ابتدا ء نہ کرے اس کواجازت نہ دو ۔''
(شعب الایمان للبیھقی،باب فی مقاربۃ وموادۃ اہل الدین ،فصل فی الاستئذان الحدیث۸۸۱۶،ج۶،ص۴۴۱)
گھرمیں داخلہ کی اجازت مانگنے میں ایک حکمت یہ بھی ہے کہ فورا گھر میں باہر والے کی نظرنہ پڑے ۔ آنے والا باہر سے سلام کر رہا ہو، اجازت چاہ رہا ہو اور صاحب خانہ پردہ وغیرہ کا انتظام کر لے۔حضرت سہل بن سعدرضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے ، فرماتے ہیں کہ حضور تا جدارِ مدینہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا:'' اجازت طلب کرنے کا حکم آنکھ کی وجہ سے دیا گیا ہے ۔( اس لئے کہ اہل خانہ کی نجی زندگی کے اسرار منکشف نہ ہوسکیں) ۔
(صحیح مسلم ،کتاب الادب ،باب الاستئذان،الحدیث۲۱۵۶،ص۱۱۸۹)