اگراصل گواہان خود گواہی دینے کے لئے حاضری سے معذور ہوں تو وہ اپنی گواہی پردیگر افراد کوگواہ بنالیں چنانچہ یہ گواہی ان افراد کی ہوتی ہے کہ جنھوں نے خود توچاند نہ دیکھامگردیکھنے والوں نے ان کے سامنے گواہی دی اورانھیں اپنی گواہی پر گواہ بنالیاہو۔اسکاطریقہ یہ ہے کہ اصلی گواہ کہ جنھوں نے بذات خودچانددیکھا کسی دوسرے فرد سے کہے کہ میری گواہی پر گواہ ہوجاؤ کہ میں گواہی دیتاہوں کہ میں نے فلاں ماہ فلاں سن کاہلال فلاں دن کی شام کودیکھا پھروہ افراد کہ جن کوگواہ بنایاگیاہووہ یہاں آکر یوں گواہی دیں کہ میں گواہی دیتاہوں کہ فلاں بن فلاں نے مجھے اپنی اس گواہی پر گواہ کیاکہ فلاں بن فلاں مذکورہ نے ماہ فلاں سن فلاں کاہلال فلان دن کی شام کودیکھااورفلاں بن فلاں مذکورہ نے مجھ سے کہاکہ میری اس گواہی پر گواہ ہوجا۔
اس قسم کی گواہی میں ان تمام احکام کااعتبارکیاجائے گاجوکہ پہلے طریقے میں مذکورہوئے یعنی اگرمطلع صاف ہوتوایک کی گواہی کافی نہ ہوگی ورنہ مطلع صاف نہ ہونے کی صورت میں یاوہ جنگل یابلندمقام سے آیاتو ایک ہی کی گواہی کافی ہے اوراس گواہی پر بھی ایک ہی گواہ کافی ہے۔