ملاوٹ والے کاروبار سے توبہ:
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! علمِ دین سیکھنے اور سنتیں سیکھنے کا ایک بہترین ذریعہ دعوتِ اسلامی کے سنتوں کی تربیت کے مدنی قافلے بھی ہیں، دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول کی بڑی برکتیں ہیں، اس ماحول سے وابستہ ہو کر معاشرے کے بگڑے ہوئے لوگ سنتوں کے پیکر بن گئے۔ چنانچہ،
باب المدینہ مدنی پورہ جسے بھیم پورہ بھی کہتے ہیں، کے ایک اسلامی بھائی کا بیان ہے، اس کا لب لباب کچھ یوں ہے: وہ کہتے ہیں کہ میں ایسا بے نمازی تھا کہ جمعہ کی نماز بھی نہیں پڑھتا تھا۔ خوش قسمتی سے میں نے تبلیغِ قران و سنت کی غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت گلزارِ مدینہ مسجد آگرہ تاج میں عاشقانِ رسول کے ہمراہ آخری عشرہ رمضان المبارک 2004ء بمطابق 1425ھ کے اجتماعی اعتکاف میں بیٹھنے کی سعادت حاصل کی۔ دس دن میں عاشقانِ رسول کی صحبت نے میری قلبی کیفیت کو بدل کر رکھ دیا۔ اَلْحَمْدُ لِلہ عَزَّوَجَلَّ میں نے کچھ نہ کچھ نماز سیکھ لی اور پانچوں وقت کی نمازِ باجماعت کا پابند بن گیا۔ اور پھر سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ عطاریہ میں داخل ہو کر حضور غوثِ اعظم کا مرید بھی بن گیا۔ ربّ تَبَارَکَ وَ تَعَالٰی کے فضل و کرم سے نیک اعمال کا ایسا ذہن ملا کہ کم و بیش 63سے زائد مدنی انعامات پر عمل کی کوشش جاری ہے۔