جرائم کا اضافہ:
سود کی نحوست سے جب انڈسٹری (Industry) برباد ہو جاتی ہے تو تجارت (Trading) ختم ہو جاتی ہے اور اس طرح بے روزگاری (Unemployment) بڑھتی ہے۔ جب بے روز گاری بڑھتی ہے تو جرائم میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ کارخانے تو بند ہو جاتے ہیں مگر لوگوں کی ضرورتیں بند نہیں ہوتیں بلکہ وہ اب بھی ان سے لگی ہوتی ہیں۔ چنانچہ، ایک بے روزگار شخص جب دیکھتا ہے کہ بیوی بچے بھوک سے بِلک رہے ہیں، ماں باپ اُمیدیں باندھے ہیں کہ بیٹا کب کچھ کما کر لائے گا۔ اب یہ شخص سود کی اس نحوست (The curse of ineterest) کی وجہ سے کیا کرتا ہے؟
آہ! اب یہ نوجوان کسی کا موبائل فون چھین لیتا ہے، کسی کی کار چھین لیتا ہے، کسی کے گھر میں ڈکیتی ڈالتا ہے، کسی کی جیب سے پرس مار لیتا ہے۔ پھر یہی نوجوان دولت کی خاطر قتل تک کر دیتا ہے، اسی دولت کی خاطر پلاٹوں پر قبضہ کرتا ہے۔ اسی دولت کی خاطر لوگ مختلف قسم کے جرائم کا شکار ہو جاتے ہیں اور اس طرح معاشرے میں جرائم کا ایک ختم نہ ہونے والا سلسلہ پیدا ہوتا چلا جاتا ہے۔
یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ شخص جو کچھ کر رہا ہے درست کر رہا ہے، بلکہ یقیناً یہ غلط کر رہا ہے، یہ مجرم ہے یعنی ڈکیتی و چوری ، موبائل فون چھیننا، لوگوں کی جیبیں کاٹنا، گھروں کو لوٹنا، تجوریاں صاف کرنا وغیرہ یہ سب غلط ہے،اگر بغیر توبہ کئے مر گیا اور الله عَزَّوَجَلَّ اور اس کے پیارے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّمَ رُوٹھ گئے تو سخت عذاب کا اندیشہ ہے۔