اگلی صبح اس سنسنی خیز واقعہ کی خبر تمام علاقے میں پھیل گئی ہر شخص بے چین تھا کہ آخر یہ حکیم ایسا کون سا برا کام کیا کرتا تھا کہ اس قدر شدید عذاب کا شکار ہو کر مرا۔ اس بھیانک انجام کی خبر بتاتے ہوئے ایک شخص نے بتایا کہ یہ حکیم مطب کے علاوہ سودی لین دین بھی کیا کرتا تھا اورسانحہ والے دن اس نے ایک مقروض عورت سے سودی رقم کم ہونے پر بدتمیزی کی، جس پر اس نے بددعا دی اور یوں یہ حکیم سودی لین دین کی وجہ سے عبرتناک عذاب سے دوچار ہو گیا۔
سود سے معیشت برباد ہو جاتی ہے:
یہ سود ہی کی نحوست ہے کہ ملک سے تجارت کا دیوالیہ (Insolvent)نکل جاتا ہے۔ ظاہر ہے کہ دولت چند اداروں ہی میں محدود ہو کر رہ جاتی ہے اور یہ دولت کہ جس کے ذریعے تجارت (Trading) ہوتی ہے۔ جب دولت (Wealth/money) چند اداروں ہی تک محدود ہو جائے گی تو معیشت کی گاڑی کا پہیہ بھی رک جائے گا۔
مثال کے طور پر میں ایک چادر خریدتا اور جس نے مجھے چادر بیچی اس کو نفع ہوتا۔ اور اس طرح چادر کی ڈیمانڈ بڑھتی جس سے اس کی پیداوار بھی بڑھتی اور پھر کپڑے کی انڈسٹری چلتی، ڈائینگ (Dying) کی انڈسٹری چلتی، سوت (Yarn) کا کام چلتا، کپاس (Cotton) کی فصل مزید کاشت کی جاتی، طرح طرح کی برکتیں نصیب ہوتیں، مگر سود کے حصول کی وجہ سے لوگ مارکیٹ (Market)سے پیسہ اٹھا کر مختلف سودی اداروں میں جمع کروا دیتے ہیں۔ کیونکہ انہیں گھر بیٹھے بٹھائے کھانے کی عادت پڑ جاتی ہے۔