Brailvi Books

سود اور اس کا علاج
27 - 84
	اے سود خورو! تم الله عَزَّوَجَلَّ اور اس کے پیارے رسول صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّمَ سے اُخروی یا دُنیاوی جنگ کا یقین کر لو، تمہیں دنیا و آخرت میں عذاب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ غور کر لو، سوچ لو، کیا تم الله عَزَّوَجَلَّ اور اس کے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّمَ سے لڑ سکتے ہو؟ کیا تم عذابِ الہٰی کو برداشت کر سکتے ہو؟ ہر گز نہیں، ہر گز نہیں۔ الله عَزَّوَجَلَّ کی قسم! کوئی شخص لمحہ بھر عذابِ الہٰی برداشت نہیں کر سکتا۔ 
	اے سود خورو! تم مکھی مچھر کا مقابلہ نہیں کر سکتے، ایک معمولی بیماری (Disease)برداشت نہیں کر سکتے تو گناہ کس ہمت پر کرتے ہو؟ توبہ کر لو، عاجزی اختیار کر لو اور چھوڑ دو تمام سودی کاموں کو ۔ ؎
کر لے توبہ رب کی رحمت ہے بڑی
قَبر میں ورنہ سزا ہو گی کڑی
سود کی نحوست اور اس کی تباہ کاریاں 
( The Curse of Interest)
	میٹھے میٹھے اور پیارے اسلامی بھائیو!آئیے! سود کی نحوست اور اس کی دنیا و آخرت کی تباہ کاریاں جانتے ہیں، کیونکہ اب سودی ادارے گھر گھر، دفتر دفتر جا کر سود پر رقم دینے کے لئے عملہ (Staff)رکھ رہے ہیں، کہیں میٹھے میٹھے اور پیارے اسلامی بھائیو! آپ نہ پھسل جانا، کوئی آ کر آپ کو دولت کمانے کا فارمولہ بتا کر سودی قرض لینے میں مبتلا نہ کر دے کہ سود سے دنیا بھی برباد ہوتی ہے اور آخرت بھی۔