سود سے پاگل پن پھیلتا ہے:
نبیوں کے سلطان،سرورِ ذیشان صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمان عبرت نشان ہے:”جس قوم میں سود پھیلتا ہے اس قوم میں پاگل پن پھیلتا ہے۔“(1 )
سود خور کے پیٹ میں سانپ:
حضرت سیِّدُنا ابو ہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے مروی ہے کہ میرے آقا، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالم کے مالک و مختاربِاذ ْنِ پروردگار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّمَ فرماتے ہیں کہ شبِ معراج میں ایک ایسی قوم کے پاس سےگزرا، جن کے پیٹ کمروں کی طرح (بڑے بڑے) تھے، جن میں سانپ پیٹوں کے باہر سے دیکھے جا رہے تھے۔ میں نے جبرائیل سے پوچھا:”یہ کون لوگ ہیں؟“انہوں نے عرض کی:”یہ سود خور ہیں۔“( 2)
آہ صد کروڑ آہ! آج ہمارے پیٹ میں اگر معمولی سا کیڑا چلا جائے، تو طبیعت میں بھونچال آ جاتا ہے۔ قیامت کا یہ سخت عذاب کیسے برداشت کریں گے؟ سود کھانے والے لوگوں کے پیٹ اتنےبڑے ہوں گےجیسا کہ کسی مکان کے کمرے ہوں۔ان میں سانپ اور بچھو وغیرہ ہوں گے۔ کس قدر بھیانک عذاب ہے۔الله تَبَارَکَ وَ تَعَالٰی ہم سب کو سود کی آفت سے محفوظ فرمائے۔
(1)کتاب الکبائر للذھبی، الکبیرۃ الثانیۃ عشرۃ، ص 70
(2)سنن ابن ماجہ، کتاب التجارات، باب التغلیظ فی الربا، الحدیث:2273،ج3،ص72