ترجمۂکنزالایمان: اور ہر امت میں ایک رسول ہوا جب ان کا رسول ان کے پاس آتا ان پر انصاف کا فیصلہ کردیا جاتا اور ان پر ظلم نہ ہوتا۔
ترجمۂکنزُالعِرفان:اور ہر امت کے لئے ایک رسول ہوا ہے توجب ان کا رسول ان کے پاس تشریف لاتا تو ان کے درمیان انصاف کے ساتھ فیصلہ کردیا جاتا اور ان پر کوئی ظلم نہیں کیا جاتاہے۔
{ وَ لِکُلِّ اُمَّۃٍ رَّسُوۡلٌٌ:اور ہر امت کے لئے ایک رسول ہوا ہے۔} اس آیت سے پہلے اللہ تعالیٰ نے رسولِ اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ کے ساتھ کفارِ قریش کی مخالفت کاحال بیان فرمایا تھا اور اس آیت میں یہ بیان فرمایا کہ ہر نبی عَلَیْہِ السَّلَام کے ساتھ اس کی قوم ایسا ہی معاملہ کرتی تھی۔ (1)
{قُضِیَ بَیۡنَہُمۡ بِالْقِسْطِ: ان کے درمیان انصاف کے ساتھ فیصلہ کردیا جاتا۔} ایک قول یہ ہے کہ اس میں دنیا کا بیان ہے اور معنی یہ ہے کہ ہر اُمت کے لئے دنیا میں ایک رسول ہوا ہے جو انہیں دینِ حق کی دعوت دیتا اور طاعت و ایمان کا حکم کرتا، جب ان کا رسول ان کے پاس تشریف لاتا اور احکامِ الٰہی کی تبلیغ کرتا تو کچھ لوگ ایمان لاتے اور کچھ تکذیب کرتے اور مُنکر ہوجاتے ، تب ان کے درمیان انصاف کے ساتھ فیصلہ کردیا جاتا کہ رسول کو اور ان پر ایمان لانے والوں کو نجات دی جاتی اور تکذیب کرنے والوں کو عذاب سے ہلاک کردیا جاتا۔ دوسرا قول یہ ہے کہ اس میں آخرت کا بیان ہے اور معنی یہ ہیں کہ روزِ قیامت ہر امت کے لئے ایک رسول ہوگا جس کی طرف وہ منسوب ہوگی جب وہ رسول مَوقف میں آئے گا اور مومن و کافر پرگواہی دے گا ،تب ان میں فیصلہ کیا جائے گا اور مومنوں کو نجات نصیب ہوگی اور کافر عذاب میں گرفتار ہوں گے۔ (2)
وَ یَقُوۡلُوۡنَ مَتٰی ہٰذَا الْوَعْدُ اِنۡ کُنۡتُمْ صٰدِقِیۡنَ ﴿۴۸﴾ قُلۡ لَّاۤ اَمْلِکُ لِنَفْسِیۡ ضَرًّا وَّلَا نَفْعًا اِلَّا مَا شَآءَ اللہُ ؕ لِکُلِّ اُمَّۃٍ اَجَلٌ ؕ اِذَا جَآءَ اَجَلُہُمْ فَلَا یَسْتَاۡخِرُوۡنَ سَاعَۃً وَّلَایَسْتَقْدِمُوۡنَ ﴿۴۹﴾
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…خازن، یونس، تحت الآیۃ: ۴۷، ۲/۳۱۸۔
2…خازن، یونس، تحت الآیۃ: ۴۷، ۲/۳۱۸۔