Brailvi Books

صراط الجنان جلد سوم
225 - 558
زمین کی ہر پیداوار میں زکوٰۃ ہے:
	اِس آیت میں اس بات کی دلیل بھی ہے کہ ہر پیداوار میں زکوٰۃ ہے، چاہے پیداوار کم ہو یا زیادہ، اس کے پھل سال تک رہیں یا نہ رہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں کسی قید کے بغیر فرمایا ’’وَاٰتُوۡا حَقَّہٗ یَوْمَ حَصَادِہٖ‘ ‘ اور اس کی کٹائی کے دن اس کا حق دو۔ اور حضرت عبداللہ بن عمررَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُسے روایت ہے، رسولُ اللہ  صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’جو زمین بارش، نہر اور چشموں سے سیراب ہو اس میں عشر ہے اور جو پانی کھینچ کر سیراب کی جائے اس میں نصف عشر ہے۔ (1)
{ وَلَا تُسْرِفُوۡا:اورفضول خرچی نہ کرو۔} مفسرین نے فضول خرچی کے مختلف مَحْمَل بیان فرمائے ہیں ، چنانچہ مفسر سُدِّی کا قول ہے کہ اگر کل مال خرچ کر ڈالا اور اپنے گھروالوں کو کچھ نہ دیا اور خود فقیر بن بیٹھا تو یہ خرچ بے جا ہے اور اگر صدقہ دینے ہی سے ہاتھ روک لیا تو یہ بھی بے جا اور داخلِ اسراف ہے ۔ حضرت سعید بن مسیب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کا بھی ایسا ہی قول ہے۔ حضرت سفیان ثوری رَحْمَۃُاللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ کا قول ہے کہ’’ اللہ عَزَّوَجَلَّ کی اطاعت کے سوا اور کام میں جو مال خرچ کیا جائے وہ قلیل بھی ہو تو اسراف ہے۔ امام زہری  رَحْمَۃُاللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِکا قول ہے کہ اس کے معنیٰ یہ ہیں کہ معصیت میں خرچ نہ کرو۔ امام مجاہدرَحْمَۃُاللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ نے کہا کہ’’ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے حق میں کوتاہی کرنا اسراف ہے اور اگر ابو قبیس پہاڑ سونا ہو اور اس تمام کو راہِ خدا میں خرچ کر دو تو اسراف نہ ہوگا اور ایک درہم معصیت میں خرچ کرو تو وہ اسراف ہے۔ (2)
وَ مِنَ الۡاَنْعٰمِ حَمُوۡلَۃً وَّ فَرْشًا ؕ کُلُوۡا مِمَّا رَزَقَکُمُ اللہُ وَلَا تَتَّبِعُوۡا خُطُوٰتِ الشَّیۡطٰنِ ؕ اِنَّہٗ لَکُمْ عَدُوٌّ مُّبِیۡنٌ ﴿۱۴۲﴾ۙ 

ترجمۂکنزالایمان: اور مویشی میں سے کچھ بوجھ اٹھانے والے اور کچھ زمین پر بچھے کھاؤ اس میں سے جو اللہ نے تمہیں روزی دی اور شیطان کے قدموں پر نہ چلو بیشک وہ تمہارا صریح دشمن ہے۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…ابن ماجہ، کتاب الزکاۃ، باب صدقۃ الزروع والثمار، ۲/۳۸۹، الحدیث: ۱۸۱۷۔
2…خازن، الانعام، تحت الآیۃ: ۱۴۱، ۲/۶۲-۶۳۔