Brailvi Books

شریعت و طریقت
4 - 57
اور شریعت ہی سب کا دارو مدار ہے۔ شریعت ہی کسوٹی اور معیار ہے شریعت کا معنی ہے راستہ اور شریعت محمدیہ کا ترجمہ ہے محمد رسول اﷲ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کا راستہ تو یہ معنی اپنے عموم و اطلاق کے اعتبار سے تمام ظاہر و باطن کو شامل ہے صرف چند جسمانی احکام کے ساتھ خاص نہیں۔ یہی وہ راستہ ہے کہ پانچوں وقت ہر نما زبلکہ ہر رکعت میں اس کا مانگنا اور اس پر ثابت قدمی کی دعا کرنا ہر مسلمان پر واجب یعنی سورۃ فاتحہ پڑھنا واجب ہے اور اس میں
اھدنا الصراط المستقیم
بھی ہے جس میں یہ دعا ہے کہ ہم کو محمد صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کی راہ پر چلا ان کی شریعت پر ثابت قدم رکھ حضرت عبد اﷲ بن عباس اور امام ابو العالیہ اور امام حسن بصری رضی اﷲ تعالیٰ عنہم فرماتے ہیں صراط مستقیم محمد صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم اور ابوبکرصدیق و عمر فاروق ہیں رضی اﷲ تعالیٰ عنہم (الدر المنثور ص ۴۰ مطبوعہ بیروت)

یہی شریعت وہ راہ ہے جس پر خدا ملتا ہے چنانچہ قرآن مجید میں ہے
اِنَّ رَبِّیۡ عَلٰی صِرٰطٍ مُّسْتَقِیۡمٍ
بیشک اس سیدھی راہ پر میرا رب ملتا ہے۔ (ہود ۔۵۶) اور شریعت ہی وہ راہ ہے جس کی مخالفت کرنے والا بددین گمراہ ہے چنانچہ قرآن مجید میں اللہ تبارک و تعالیٰ نے فرمایا '' اے محبوب تم فرما دو کہ یہ شریعت میری سیدھی راہ ہے تو اس کی پیروی کرو اور اس کے سوا اور راستوں کے پیچھے نہ جاؤ کہ وہ تمہیں خدا کی راہ سے جدا کردیں گے اﷲ تمہیں اس کی تاکید فرماتا ہے تاکہ تم پرہیز گاری کرو''۔ ( الانعام۸/۱۵۲) دیکھو قرآن عظیم نے صاف فرمادیا کہ شریعت ہی صرف وہ راہ ہے جس سے اﷲ تعالیٰ کی بارگاہ تک پہنچنا نصیب ہوتا ہے اس کے سوا آدمی جو راہ چلے گا اﷲ کی راہ سے دور جاپڑے گا۔
Flag Counter