الحمدللہ عَزَّوَجَلَّ تبلیغِ قراٰن وسنّت کی عالمگیر غیرسیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کے ادارے ''المدینۃ العلمیۃ''کی تادمِ تحریرتقریباً119کتب (بشمول مختصر رسائل)مکتبۃ المدینہ سے شائع ہوکر علماء وعوام سے دادِ تحسین پا چکی ہیں۔طویل عرصے سے دامنِ امیرِ اہلسنّت دامت برکاتہم العالیہ سے وابستہ عطّاری اسلامی بھائیوں کی طرف سے اصرار تھا کہ شجرہ عالیہ قادریہ رضویہ عطّاریہ کی شرح وفوائد پر مشتمل کوئی کتاب شائع کی جائے ۔چنانچہ اسی موضوع پر ایک کتاب بنام''شرحِ شجرہ قادریہ رضویہ عطّاریہ '' شائع کی جارہی ہے ۔ یہ کتاب 3اَبواب پرمشتمل ہے ۔ پہلے باب میں شجرہ عالیہ قادریہ رضویہ عطّاریہ کی اہمیت وافادیت کا بیان ہے ،دوسرے باب میں شجرہ شریف کے دعائیہ اشعار کی مختصر وضاحت اور سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ عطاریہ کے مشائخ کرام رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہم کا مختصرتعارُف پیش کیا گیا ہے ، تیسرے باب میں شجرہ عالیہ قادریہ رضویہ عطاریہ پڑھنے کی 47منتخب بہاریں(حکایات)درج کی گئی ہیں ۔
اس کتاب کو نہ صرف خود پڑھئے بلکہ دوسرے اسلامی بھائیوں کو پڑھنے کی ترغیب دے کر ثواب ِ جاریہ کے مستحق بنئے ۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں ''اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش'' کرنے کے لئے مدنی انعامات پر عمل اور مدنی قافلوں کا مسافر بنتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے اور دعوتِ اسلامی کی تمام مجالس بشمول مجلس المدینۃ العلمیۃ کو دن پچیسویں رات چھبیسویں ترقی عطا فرمائے ۔