| شرحِ شجرہ قادِریہ رضویہ عطاریہ |
تذکرہ:
اس شعر میں سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ عطّاریہ کے چھٹے ،ساتویں اور آٹھویں شیخِ طریقت یعنی حضرتِ سیدنا امام جعفر صادِق علیہ رحمۃ اللہ الرازِق ،اِن کے صاحبزادے امام موسیٰ کاظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ پھر اِن کے صاحبزادے امام علی رضا رضی اللہ تعالیٰ ع نہ کے وسیلے سے دُعا کی گئی ہے ۔ ان تینوں رضی اللہ تعالیٰ عنہما کے مختصر حالاتِ زندگی ملاحظہ ہوں:(6)حضرتِ سیِّدُنا امام جعفر صادقرضی اللہ تعالیٰ عنہ
حضرتِسیِّدُناامام جعفر صادِق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی وِلادت۱۷ ربیع النّور ۸۳ ھ پیر شریف کے دن مدینۃ المنورہ میں ہوئی ۔آپ کی کنیت ابوعبداللہ اور ابواسماعیل جبکہ لقب صادق،فاضل اور طاہر ہے۔آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرتِ سیِّدُناامام محمد باقر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بڑے صاحبزادے ہیں ،آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی والدہ حضرتِ سیِّدَتُنا امّ فردہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا امیرالمؤمنین حضرتِ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی پوتی تھیں۔امام جعفر صادق رضی اللہ تعالیٰ عنہ ظاہری وباطنی علوم کے جامع تھے اور ریاضت وعبادت اور مجاہدے میں مشہور تھے ۔ امام مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا بیان ہے :میں ایک زمانے تک آپ کی خدمتِ مبارکہ میں آتا رہا ۔میں نے ہمیشہ آپ کو تین عبادتوں میں سے کسی ایک میں مصروف پایا ،یاتو آپ نماز پڑھتے ہوئے ملتے یاتلاوتِ قراٰن میں مشغول ہوتے یا پھر روزہ دار ہوتے ۔