| شرحِ شجرہ قادِریہ رضویہ عطاریہ |
یا اللہ عَزَّوَجَلَّ تجھے امیر المؤمنین مولا مُشکل کُشاحضرتِ سیِّدُنا علی المرتضیٰ کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم اور اِن کے فرزندِ دِلْبَنْد،شہیدِ کربلاامامِ عالی مقام حضرتِ سیِّدُنا امامِ حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا واسطہ میری مشکلات حل فرماکرمجھے پریشانیوں ے نجات عطا کر ۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
تذکرہ: اس شعر میں لسلہ عالیہ قادریہ رضویہ عطّاریہ کے دوسرے اور تیسرے شیخِ طریقت یعنی مولا مُشکل کُشاحضرتِ سیِّدُنا علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ الکریم اوراِن کے فرزندِ دِلْبَنْد،امامِ عالی مقام حضرتِ سیِّدُنا امامِ حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے وسیلے سے دُعا کی گئی ہے ۔ان دونوں رضی اللہ تعالیٰ عنہما کے مختصر حالاتِ زندگی ملاحظہ ہوں:
(2)حضرتِ سیِّدُنا علیُّ المرتضٰی کرم اللہ وجہہ الکریم
امیرُ المؤمنین حضرتِ سیِّدُنا علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللہُ تعالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم مکہ مکرّمہ میں پیدا ہوئے۔ آپ کی کنیت ابوالحسن اور ابوتُراب ہے اورمشہور القابات مرتضیٰ،اسدُاللہ، حیدرِ کرار،شیرِ خدا اور مولا مشکل کُشا ہیں۔آپ کے والد کا نام ابوطالب اور والدہ ماجدہ کا نام فاطمہ بنت اسد رضی اللہ تعالیٰ عنہا ہے ۔آپ کی والدہ محترمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا بیان ہے کہ پیدا ہونے کے بعد آپ کَرَّمَ اللہُ تعالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم نے 3دن تک دودھ نہیں نوش فرما یاجس کی وجہ سے گھر کے سارے افراد پریشان ہوگئے ۔