الحمدللہ عَزَّوَجَلَّ اس شجرہ عالیہ کو پڑھنے کی بڑی برکتیں ہیں ۔جیسا کہ ابھی گزرا کہ یہ شجرہ عالیہ دراصل اپنے بزرگوں کے وسیلے سے مانگی جانے والی منظوم دُعا ہے اور دُعامانگنا بڑی پیاری نعمت ،عمدہ دولت اور بہت بڑی سعادت ہے۔اپنے رب عَزَّوَجَلَّ کی عظیم بارگاہ سے مُرادیں پانے اور دنیوی واُخروی مصائب ومشکلات کے حل کے لئے اس سے بڑھ کر مؤثر ذریعہ کوئی نہیں ۔ قراٰن و احادیثِ مبارَکہ میں جگہ جگہ دُعا مانگنے کی ترغیب دلائی گئی ہے۔ چنانچہ پارہ24سورہ مؤمن کی آیت60میں ارشادِ رحمن عَزَّوَجَلَّ ہے:
ادْعُوۡنِیۡۤ اَسْتَجِبْ لَکُمْ ؕ
ترجَمہ کنزالایمان: مجھ سے دُعاء کرو میں قَبول کروں گا۔(پ۲۴،المؤمن:۶۰)
سورہ بقرہ کی آیت 186میں ارشادِ رب العباد ہے :
اُجِیۡبُ دَعْوَۃَ الدَّاعِ اِذَا دَعَانِ
ترجَمہ کنزالایمان:میں دعا مانگنے والے کی دعا قبو ل کرتا ہوں ، جب وہ مجھے پکارے ۔(پ۲،البقرۃ:۱۸۶)