بابُ المدینہ (کراچی) کی ایک اسلامی بہن کا بیان ہے کہ ہم کافی عرصے سے مختلف پریشانیوں میں گھرے ہوئے تھے ۔کسی نے کورٹ میں ہمارے خلاف کیس (یعنی مقدمہ) بھی دائر کیا ہوا تھا ۔طویل مدت گزرنے کے باوجود کیس ختم ہونے کا نام ہی نہیں لیتا تھا ۔ فیصلہ ہمارے حق میں نہ ہونے کی صورت میں ہمیں بہت زیادہ مالی نقصان کا اندیشہ تھاجس کی وجہ سے ہماری پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوجاتا ۔ میں شدید ذہنی کرب( ٹینشن) میں مبتلا تھی ۔امید کی کوئی کرن دکھائی نہ دیتی تھی۔ اللہ عَزّوَجَلَّ کا مجھ پر کرم ہوا اور میں دعوتِ اسلامی کے اسلامی بہنوں کے ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں شریک ہوئی ۔وہاں میں نے ایک اسلامی بہن سے اپنی پریشانی کا تذکرہ کیا تو انہوں نے مجھے امیراہلسنّت دامت برکاتہم العالیہ کے عطاکردہ رسالے'' شجرہ قادریہ رضویہ ضیائیہ عطّاریہ '' سے شجرہ عالیہ کے دُعائیہ اشعار باقاعدگی سے پڑھنے کا مدنی مشورہ دیا ۔میں نے پابندی سے شجرہ عالیہ پڑھنا شروع کر دیا۔الحمدللہ عَزَّوَجَلَّ شجرہ عالیہ قادریہ رضویہ عطاریہ پڑھنے کی برکت سے کچھ ہی عرصے میں ہماری پریشانیاں ختم ہونا شروع ہوگئیں اور کورٹ میں چلنے والے مقدمے سے بھی نجات مل گئی ۔ الحمدللہ عَزَّوَجَلَّ اب میں نے یہ نیت کی ہے کہ تادمِ مرگ دعوتِ اسلامی کے اسلامی بہنوں کے سنتوں بھرے اجتماع میں شریک ہوتی رہوں گی ۔