شاھراہِ اولیاء |
چنانچہ تم پانی کو ان اعضاء کے دھونے میں استعمال کرو جن کو پاک کرنا اللہ عزوجل نے تم پر فرض کیا ہے اور اپنے رب عزوجل کی بارگاہ میں ایسے مخلص ہوجاؤجیسے یہ پانی خالص ہوتا ہے(یعنی اس میں کسی شے کی ملاوٹ نہیں ہوتی )۔لہذا! چشمِ دل کو غیراللہ کی طرف نظر پڑنے اور اپنے ہاتھوں کو کسی دوسرے کے لئے بڑھنے سے دھو ڈالو،۔۔۔۔۔۔غیراللہ پر فخر کرنے سے اپنے سر کا مسح کرو ،۔۔۔۔۔۔ اور اپنے پاؤں کو کسی دوسرے کی طرف چلنے سے دھو ڈالو،۔۔۔۔۔۔اور دین کا فہم عطا کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر کرو ۔
مسجد کے لئے گھر سے نکلنے کا بیان
پیارے اسلامی بھائی !جب تم اپنے گھر سے مسجد جانے کے لئے نکلو تو یاد رکھو کہ تم پر اللہ عزوجل کے کچھ حقوق ہیں جن کی ادائیگی تم پر لازم ہے ۔انہی میں سے سکون ووقار(سے زندگی بسر کرنا) اور اللہ تعالیٰ کی نیک وبد مخلوق کو نگاہِ عبرت سے دیکھنا بھی ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ ارشاد فرماتا ہے ،
''وَ تِلْکَ الْاَمْثَالُ نَضْرِبُھَا لِلنَّاسِ وَمَایَعْقِلُھَآ اِلَّاالْعَالِمُوْنَ ۔
ترجمۂ کنزالایمان: اور یہ مثالیں ہم لوگوں کے لئے بیان فرماتے ہیں اور انہیں نہیں سمجھتے مگر علم والے ۔(پ۲۰،العنکبوت:۴۳) اپنی آنکھوں کو غفلت اور شہوت کی نگاہ سے بچاؤ،سلام میں پہل کرو اور(کسی کے سلام کرنے پر) اس کا جواب دے کر اِسے عام کرو،۔۔۔۔۔۔ جو تجھ سے سیدھی راہ چلنے پر مدد طلب کرے اس کی مدد کرو،۔۔۔۔۔۔ بھلائی کا حکم دو اور برائی سے منع کرو اگر تم (شرعی طور پر) اس کے اہل ہو اور گمراہوں کو سیدھی راہ دکھاؤ۔