دعوتِ اسلامی کے اِشاعتی اِدارے مکتبۃُ المدینہکے مطْبوعہ 86 صفْحات پر مُشْتَمِل رسالے ’’سنّتِ نکاح‘‘میں سے بھی ایک حدیثِ مبارک مُلاحَظہ فرمالیجئے! چُنانچِہ حضور صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشادفرمایا : ’’قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضۂ قدرت میں میری جان ہے! اگر قدَم سے سر تک شوہر کے تمام جسم میں زخم ہوں جن سے پیپ اور کچَ لہو بہتا ہو پھر عورت اُسے چاٹے تب بھی حقِّ شوہر ادا نہ کیا۔‘‘(مُسْنَدِ اَحْمَد، مسند انس بن ماالک، ج۵، ص۴۴۵، الحدیث:۱۲۹۴۹)
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
کھانا پکاتے وقت بھی تلاوت
امیرُ المؤمنین حضرتِ سیِّدُناعلیُّ المرتضیٰکَرَّمَ اﷲُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الکَرِیْم فرماتے ہیں کہ سیِّدَہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا کھانا پکانے کی حالت میں بھی قراٰنِ پاک کی تلاوت جاری رکھتیں ، نبیِّ کریم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالتَّسْلِیْم جب نماز کے لئے تشریف لاتے اور راستے میں سیِّدَہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا کے مکان پر سے گزرتے اور گھر سے چکی کے چلنے کی آواز سنتے تو نہایت دردومحبّت کے ساتھ بارگاہِ ربُّ العزَّت میں دُعا کرتے: یَا اَرْحَمَ الرّٰحِمِیْن! فاطمہ (رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا) کو ریاضت وقناعت کی جزائے خیر عطا فرما اور اسے حالت ِ فقر میں ثابت قدَم رہنے کی توفیق عطا فرما۔(سفینۂ نوح، حصّہ دُوُم، ص۳۵)