Brailvi Books

سیرتِ مصطفٰی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم
823 - 872
 (۲۵)ہر نمازی پر واجب کر دیا گیا کہ بحالت نماز اَلسَّلَامُ عَلَیْکَ اَیُّھَا النَّبِیُّ کہہ کر آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کو سلام کرے۔

(۲۶)اگر کسی نمازی کو بحالت نماز حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم پکاریں تو وہ نماز چھوڑ کر آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی پکار پر دوڑ پڑے یہ اس پر واجب ہے اورایسا کرنے سے اس کی نماز فاسد بھی نہیں ہو گی۔

(۲۷)اﷲ تعالیٰ نے اپنی شریعت کا آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کو مختار بنا دیا ہے، آپ جس کے لئے جو چاہیں حلال فرما دیں اور جس کے لئے جو چاہیں حرام فرما دیں۔

(۲۸)آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے منبر اور قبر انور کے درمیان کی زمین جنت کے باغوں میں سے ایک باغ ہے۔

(۲۹)صور پھونکنے پر سب سے پہلے آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم اپنی قبر انور سے باہر تشریف لائیں گے۔

(۳۰)آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کو مقام محمود عطا کیا گیا۔

(۳۱) آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کو شفاعت کبریٰ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

(۳۲) آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کو قیامت کے دن ''لواء الحمد'' عطا کیا گیا۔

(۳۳) آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم سب سے پہلے جنت میں داخل ہوں گے۔

(۳۴) آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کو حوض کوثر عطا کیا گیا۔

(۳۵) قیامت کے دن ہر شخص کا نسب و تعلق منقطع ہو جائے گا مگر آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا نسب و تعلق منقطع نہیں ہو گا۔

(۳۶)آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سوا کسی نبی کے پاس حضرت اسرافیل علیہ السلام نہیں اترے۔