Brailvi Books

سیرتِ مصطفٰی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم
766 - 872
    یہ حضرت سعد رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کے لیے فتوحات عجم کی بشارت تھی۔ کیونکہ تاریخ گواہ ہے کہ حضرت سعد رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے اسلامی لشکر کا سپہ سالار بن کر ایران پر فوج کشی کی اور چند سال میں بڑے بڑے معرکوں کے بعد بادشاہ ایران کسریٰ کے تخت و تاج کو چھین لیا۔ اس طرح مسلمانوں کو ان کی ذات سے بڑا فائدہ اور کفار مجوس کو ان کی ذات سے نقصان عظیم پہنچا۔ ایران حضرت عمر فاروق رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کے دور خلافت میں فتح ہوا اور اس لڑائی کانقشہ جنگ خود امیرالمؤمنین نے ماہرین جنگ کے مشوروں سے تیار فرمایا تھا۔
حجاز کی آگ
    حضرت ابو ہریرہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کا بیان ہے کہ حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ قیامت اس وقت تک نہیں آئے گی جب تک حجاز کی زمین سے ایک ایسی آگ نہ نکلے جس کی روشنی میں بصریٰ کے اونٹوں کی گردنیں نظر آئیں گی۔ (1)  (مسلم جلد ۲ ص۳۹۳ کتاب الفتن)

    اس غیب کی خبر کا ظہور  ۶۵۴ ؁ھ میں ہوا۔چنانچہ حضرت امام نووی رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے اس حدیث کی شرح میں تحریر فرمایا کہ یہ آگ ہمارے زمانے میں  ۶۵۴ ؁ھ میں مدینہ کے اندر ظاہر ہوئی۔ یہ آگ اس قدر بڑی تھی کہ مدینہ کے مشرقی جانب سے لے کر ''حرہ'' کی پہاڑیوں تک پھیلی ہوئی تھی اس آگ کا حال ملک شام اور تمام شہروں میں تواتر کے طریقے پر معلوم ہوا ہے اورہم سے اس شخص نے بیان کیاجو اس وقت مدینہ میں موجود تھا۔(2)(شرح مسلم نووی جلد ۲ ص ۳۹۳ کتاب الفتن)
1۔۔۔۔۔۔صحیح مسلم،کتاب الفتن،باب لاتقوم الساعۃ...الخ،الحدیث:۲۹۰۲،ص۱۵۵۲

2۔۔۔۔۔۔شرح مسلم للنووی،کتاب الفتن ، ج۲، ص۳۹۳
Flag Counter