Brailvi Books

سیرتِ مصطفٰی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم
636 - 872
شراب:حضرت سوید بن طارق رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سے شراب کے بارے میں دریافت کیا تو آپ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے اس کے استعمال سے منع فرمایا۔ پھر دوبارہ پوچھا تو آپ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے منع فرمایا، تیسری بار انہوں نے عرض کیا: یا نبی اﷲعزوجل وصلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم یہ تو دوا ہے، آپ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ''نہیں'' یہ بیماری ہے ۔(1) (ابو داود جلد۲ ص۱۸۵ مجتبائی)

زخموں کا علاج:حضرت سہل بن سعد ساعدی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ جنگ احد کے دن حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے دندان مبارک شہید ہو گئے اور لوہے کی ٹوپی آپ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے سر اقدس پر توڑ ڈالی گئی تو حضرت فاطمہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہا چہرۂ انور سے خون دھو رہی تھیں اور حضرت علی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ ڈھال میں پانی رکھ کر زخم پر بہا رہے تھے لیکن جب خون بہنے کا سلسلہ بڑھتا ہی رہا تو حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے کھجور کی چٹائی کا ایک ٹکڑا لیا اور اس کو جلا کر راکھ بنا ڈالا پھر اسی راکھ کو زخموں پر چپکا دیا تو خون بہنا بند ہوگیا۔(2) (ابن ما جہ ص۲۵۶ ابواب الطب)

طاعون:(پلیگ)کے بارے میں حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہ ایک عذاب ہے جس کو اﷲ تعالیٰ نے بنی اسرائیل پر بھیجا تھا۔ جب تم سنو کہ کسی زمین میں طاعون پھیل گیا ہے تو تم لوگ اس زمین میں داخل نہ ہوا کرو اور جب تمہاری زمین میں طاعون آ جائے تو تم اس زمین سے نکل کر نہ بھاگو۔(3)

             (مسلم جلد۲ ص۲۲۸ باب الطاعون)
1۔۔۔۔۔۔سنن ابی داود،کتاب الطب،باب فی الادویۃ المکروھۃ،الحدیث:۳۸۷۳،ج۴،ص۱۰

2۔۔۔۔۔۔سنن ابن ماجہ،کتاب الطب،باب دواء الجراحۃ، الحدیث: ۳۴۶۴،ج۴، ص ۱۰۲

3۔۔۔۔۔۔صحیح مسلم،کتاب السلام،باب الطاعون والطیرۃ...الخ،الحدیث:۲۲۱۸،ص۱۲۱۵
Flag Counter