Brailvi Books

سیرتِ مصطفٰی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم
625 - 872
چنانچہ صفوان مکہ جا کر چلا چلا کر اپنی قوم سے کہنے لگا کہ اے لوگو! دامن اسلام میں آ جاؤ محمد (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) اس قدر زیادہ مال عطافرماتے ہیں کہ فقیری کا کوئی اندیشہ ہی باقی نہیں رہتا اس کے بعد پھر صفوان خود بھی مسلمان ہوگئے۔ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ۔(1)         (زرقانی ج۴ ص۲۹۵)

بہر حال آپ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے جودونوال اور سخاوت کے احوال اس قدر عدیم المثال اور اتنے زیادہ ہیں کہ اگر ان کا تذکرہ تحریر کیا جائے تو بہت سی کتابوں کا انبار تیارہو سکتا ہے مگر اس سے پہلے کے ا وراق میں ہم جتنا اور جس قدر لکھ چکے ہیں وہ سخاوت نبوت کو سمجھنے کے لئے بہت کافی ہے۔ خداوند کریم عزوجلہم سب مسلمانوں کو حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ پرزیادہ سے زیادہ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)
اسماء مبارکہ
    عرب کا مشہور مقولہ ہے کہ
'' کَثْرَۃُ الْاَسْمَآءِ تَدُلُّ عَلٰی شَرَفِ الْمُسَمّٰی''
یعنی کسی چیز کے ناموں کا بہت زیادہ ہونا اس بات کی دلیل ہوا کرتی ہے کہ وہ چیز عزت و شرف والی ہے۔ حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کو چونکہ خلاق عالم جل جلالہ نے اس قدر اعزاز و اکرام اور عزت و شرف سے سرفراز فرمایا ہے کہ آپ امام النبیّین، سید المرسلین، محبوب رب العالمین عزوجل وصلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم ہیں اس لئے آپ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے اسماء مبارکہ اور القاب بہت زیادہ ہیں۔(2)
1۔۔۔۔۔۔المواہب اللدنیۃ وشرح الزرقانی،الفصل الثانی فیمااکرمہ اللہ...الخ،ج۶،ص۱۰۹،۱۱۰

2۔۔۔۔۔۔ المواہب اللدنیۃ وشرح الزرقانی،باب فی ذکراسمائہ الشریفۃ...الخ،ج۴،ص۱۶۱
Flag Counter