Brailvi Books

سیرتِ مصطفٰی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم
222 - 872
 عہد کی پابندی
اتفاق سے حضرت حذیفہ بن الیمان اور حضرت حسیل رضی اﷲ تعالیٰ عنہما یہ دونوں صحابی کہیں سے آ رہے تھے راستہ میں کفار نے ان دونوں کو روکا کہ تم دونوں بدر کے میدان میں حضرت محمد (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) کی مدد کرنے کے لئے جا رہے ہو۔ ان دونوں نے انکارکیااورجنگ میں شریک نہ ہونے کاعہدکیاچنانچہ کفارنے ان دونوں کو چھوڑ دیا۔جب یہ دونوں بارگاہ رسالت میں حاضر ہوئے اوراپنا واقعہ بیان کیا تو حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے ان دونوں کو لڑائی کی صفوں سے الگ کر دیا اور ارشاد فرمایا کہ ہم ہر حال میں عہد کی پابندی کریں گے ہم کو صرف خدا کی مدد درکار ہے۔ (1)                     (مسلم باب الوفا بالعہد ج۲ ص۱۰۶)

ناظرین کرام! غور کیجیے۔دنیا جانتی ہے کہ جنگ کے موقع پر خصوصاً ایسی صورت میں جب کہ دشمنوں کے عظیم الشان لشکر کا مقابلہ ہو ایک ایک سپاہی کتنا قیمتی ہوتا ہے مگر تاجدار دو عالم صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے اپنی کمزور فوج کو دو بہادر اور جانباز مجاہدوں سے محروم رکھنا پسند فرمایا مگر کوئی مسلمان کسی کافر سے بھی بد عہدی اور وعدہ خلافی کرے اس کو گوارا نہیں فرمایا۔

اﷲ اکبر! اے اقوام عالم کے بادشاہو!ﷲ مجھے بتاؤ کہ کیا تمہاری تاریخ زندگی کے بڑے بڑے دفتروں میں کوئی ایسا چمکتا ہوا ورق بھی ہے؟ اے چاند و سورج کی دوربین نگاہو! تم خدا کے لئے بتاؤ! کیا تمہاری آنکھوں نے بھی کبھی صفحۂ ہستی پر پابندی عہد کی کوئی ایسی مثال دیکھی ہے؟ خدا کی قسم!مجھے یقین ہے کہ تم اس کے جواب میں ''نہیں'' کے سوا کچھ بھی نہیں کہہ سکتے۔
1۔۔۔۔۔۔صحیح مسلم ، کتاب الجھاد والسیر ، باب الوفاء بالعھد،الحدیث:۱۷۸۷، ص۹۸۸
Flag Counter