حضرت سیِّدُنا سلمان فارسی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے،آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ارشاد فرماتے ہیں:''سات اشخاص قیامت کے دن اللہ عَزَّوَجَلَّ کے سایہ رحمت میں ہوں گے جس دن اس کے علاوہ کوئی سایہ نہ ہوگا(۱) وہ شخص جو اپنے مسلمان بھائی سے ملاقات کرے اورکہے کہ'' میں اللہ عَزَّوَجَلَّ کے لئے تجھ سے محبت کرتاہوں ۔'' اوردوسرا بھی اسی کی مثل کہے(۲) وہ شخص جواللہ عَزَّوَجَلَّ کاذکرکرے تو خوفِ خدا عَزَّوَجَلَّ سے اس کی آنکھیں اشکبار ہوجائیں(۳)وہ شخص جو اپنے دائیں ہاتھ سے صدقہ کرے تو اُسے بائیں سے چھپائے (۴) وہ شخص جسے کوئی منصب وجمال والی عورت اپنی طرف دعوتِ(گناہ)دے اوروہ کہے کہ ''میں اللہ عَزَّوَجَلَّ سے ڈرتا ہوں۔''(۵)وہ شخص جس کا دل مساجد سے محبت کی وجہ سے انہی میں لگار ہے(۶)وہ شخص جواوقاتِ نمازکے لئے سورج کی رعایت کرتاہو(یعنی وقت میں نمازپڑھتاہو) اور (۷) وہ شخص کہ اگر بولے تو علم کی بات کرے اوراگرخاموش رہے تو حلم کے سبب خاموش رہے۔''