حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہٖ وسلم نے جب وصال فرمایا، تو حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی دنیا اندھیر ہوگئی۔ رحمت عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہٖ وسلم کی یاد ان کو ہروقت تڑپاتی رہتی تھی۔ ان کی کوئی محفل ایسی نہ ہوتی تھی جس میں حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہٖ وسلم کا ذکر خیر نہ ہو۔ عہد رسالت کا کوئی واقعہ کسی سے سنتے یا خود بیان کرتے تو آنکھیں نم ہوجاتیں اور شدت تاثر سے آواز بھر اجاتی۔ کئی دفعہ ایسا ہوتا کہ اپنے آپ پر قابو نہ رہتااور سخت بے چینی کے عالم میں محفل سے اٹھ کھڑے ہوتے اور جب تک گھر پہنچ کر تبرکات نبوی کی زیارت نہ کر لیتے کل نہ پڑتی تھی۔
ایک دن سرور کائنات صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہٖ وسلم کا حلیہ بیان کر رہے تھے کہ: '' میں نے کبھی کوئی ریشم رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہٖ وسلم کی ہتھیلی سے زیادہ نرم نہیں چھوا،اور نہ کبھی کوئی خوشبوحضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہٖ وسلم کے بدن مبارک سے زیادہ خوشبودار سونگھی''