جو آنحضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم کو اول نظر دیکھ لیتا ،مرعوب ہوجاتا اور جو آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم کی مجالس میں بیٹھتا اس کو آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم سے محبت ہوجاتی ۔ اگر آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم کا مدح خواں یہ کہہ دے کہ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم جیسا نہ کبھی پہلے دیکھا اور نہ آئندہ دیکھنے کی امید ہے تو کچھ مبالغہ نہیں۔
(حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ)
عقلمندوں پر و اضح ہوچکا ہے کہ جناب محمد صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم نہ شاعر ہیں نہ جادوگر، ان کا کلام رب العٰلمین عزوجل کی وحی ہے اور آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم کی اطاعت ہر شخص پر واجب ہے ۔ (حضرت خالد بن ولید رضی اللہ تعالیٰ عنہ)
وہ ہر خوبی سے آراستہ ہیں، ہر خلق کریم سے ممتاز ہیں، طمانیت ان کا لباس ، نیکی ان کا شعار ہے۔ ان کا ضمیر تقویٰ ہے ، ان کا کلام حکمت ہے، صدق ووفا ان کی فطرت ہے،عفو و احسان ان کی عادت ہے، عدل ان کی سیرت ہے، سچائی ان کی شریعت ہے ہدایت ان کی رہنما ہے ، مذہب ان کا اسلام ہے اور احمد ان کا نام ہے۔ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم۔
(صحابی رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم رضی اللہ تعالیٰ عنہ)