| صحابہ کِرام کا عشقِ رسول |
رسول اللہ عزوجل و صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم کے تعلق سے صحابہ کرام ازواج مطہرات رضی اللہ تعالیٰ عنہن کا اس قدر ادب کرتے تھے کہ جب آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم كي ایک زوجہ محترمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے انتقال کیا تو حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سجدے میں گر پڑے، لوگوں نے کہاآپ اس وقت سجدہ کرتے ہیں؟ بولے رسول اللہ عزوجل و صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا ہے جب قیامت کی کوئی نشانی دیکھو تو سجدہ کرلیا کرو، پھر ازواج مطہرات رضی اللہ تعالیٰ عنہن کی موت سے بڑھ کر قیامت کی کون سی نشانی ہوگی۔
(سنن ابی داود، کتاب صلاۃ الاستسقاء، باب السجودعندالآیات، الحدیث:۱۱۹۷، ج۱، ص۴۴۰)
مقام سرف میں حضرت میمونہ رضی اللہ عنہا کا جنازہ اٹھایا گیا، تو حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما بھی ساتھ تھے بولے کہ ''یہ میمونہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا ہیں ان کا جنازہ اٹھاؤ تو مطلق حرکت و جنبش نہ دو۔''
(سنن النسائی، کتاب النکاح، باب ذکرامر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فی النکاح.....الخ،ج۵،ص۵۳)
بعض صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم عزت و محبت کی وجہ سے ازواج مطہرات رضی اللہ تعالیٰ عنھن پر اپنی جائیدادیں وقف کرتے تھے۔ چنانچہ حضرت عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ نے ازواج مطہرات رضی اللہ تعالیٰ عنہن کو جائیداد دی تھی جو ۴۰ ہزاردینار میں فروخت کی گئی اورایک باغ بھی وقف کیا تھا جو چار لاکھ درہم میں فروخت کیا گیا۔
(سنن الترمذی،کتاب المناقب، با ب مناقب عبدالرحمن بن عوف.....الخ، الحدیث: ۳۷۷۰۔۳۷۷۱،ج۵،ص۴۱۷)