Brailvi Books

صحابہ کِرام کا عشقِ رسول
166 - 273
    حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم کا ایک کرتہ، ایک تہبند ایک چادر، اور چند موئے مبارک تھے، انہوں نے وفات کے وقت وصیت کی کہ یہ کپڑے کفن میں لگائے جائیں اور موئے مبارک منہ اور ناک میں بھردیئے جائیں۔
             (تاریخ الخلفاء،معاویۃ بن ابوسفیان،ص۱۵۸بتصرف)
رسول اللہ عزوجل و صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم نے جن کپڑوں میں انتقال فرمایا تھا، حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے ان کو محفوظ رکھا تھا۔ چنانچہ انہو ں نے ایک دن ایک صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو ایک یمنی تہبند اور ایک کمبل دکھاکر کہا کہ خداعزوجل کی قسم! سرکار صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم نے ان ہی کپڑوں میں انتقال فرمایا تھا۔
(سنن ابی داود، کتاب اللباس،باب لباس الغلیظ،الحدیث:۴۰۳۶،ج۴،ص۶۳)
    ایک صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہٖ وسلم نے خَزّ(اون اور ریشم سے بُنا ہوا کپڑا)کا سیاہ عمامہ عطا فرمایا تھا، انہوں نے اس کو محفوظ رکھا تھااور اس پر فخر کیا کرتے تھے، چنانچہ ایک بار بخارا میں خچر پر سوار ہوکر نکلے تو عمامہ دکھاکر کہا کہ اس کو رسول اللہ عزوجل و صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم نے مجھ کو عنایت فرمایا تھا ۔
(سنن ابی داود،کتاب اللباس،باب ماجاء فی الخز،الحدیث:۴۰۳۸، ج۴، ص۶۴)
 آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وبارک وسلم کے چند بال مبارک حضرت ام سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے بطور یادگار کے محفوظ رکھے تھے اور جب کوئی شخص بیمار ہوتا تھا تو ایک برتن میں پانی بھر کر بھیج دیتا تھا اور وہ اس میں ان مبارک بالوں کو دھو کر واپس کردیتی تھیں، جس کو وہ شفا حاصل کرنے کے لئے پی جاتا تھا( یا اس سے غسل کرلیتا تھا)۔
(صحیح البخاری،کتاب اللباس،باب مایذکر فی الثیب،الحدیث۵۸۹۶،ج۴،ص۷۶)
Flag Counter