ایک شخص حضرت سیدناموسی کلیم اللہ علی نبیناوعلیہ الصلٰوۃ والسلام کا خادم تھا، جب وہ بہت زیادہ مال دارہوگیا تو کافی عرصہ دکھائی نہ دیا۔حضرت موسی علیہ السلام نے اس کے متعلق لوگوں سے پوچھامگرا س کاکوئی پتانہ چلاپھرایک دن ایک شخص آیاجس کے ہاتھ میں ایک خنزیرتھاجس کے گلے میں کالی رسی تھی۔حضرت سیدناموسیٰ علیہ السلام نے اس سے استفسارفرمایا:''کیاتُوفلان شخص کوجانتاہے ؟''اس نے کہاکہ ''جی ہاں!یہ خنزیروہی شخص ہے ۔''توحضرت سیدناموسیٰ علیہ السلام نے دعامانگی :''اے اللہ عَزَّوَجَلَّ !میں تجھ سے اس بات کاسوال کرتاہوں کہ تواس شخص کواس کی پہلی حالت پرلوٹادے تاکہ میں اس سے پوچھ سکوں کہ کس سبب سے یہ اس حالت کوپہنچاہے ۔'' اللہ عَزَّوَجَلَّ نے آپ علیہ الصلوۃ والسلام کی طرف وحی فرمائی:''اگرتم مجھ سے آدم علیہ السلام کی طرح یااس سے بھی زیادہ دعا کروگے میں اس کے بارے میں قبول نہ کروں گامگرمیں تمہیں یہ بتا دیتا ہوں کہ اس کے ساتھ یہ سب اس لئے ہواکہ'' یہ دین کے ذریعے دنیاکاطلب گارتھا۔''