وجوار میں جاکر ''نیکی کی دعوت'' کے مَدَنی پھول مہکاتے ہیں۔ نئے مُبَلِّغین کی تربیَّت کے لئے مختلف کورسز کا اہتمام کیا گیا ہے مثلاً 41 دن کا مدنی قافلہ کورس،63 دن کا تربیّتی کورس ،گونگے بہروں کے لئے30 دن کا تَربِیّتی کورس ،امامت کورس اور مُدرِّس کورس وغیرہم۔
پیارے اسلامی بھائیو!یقینا راہِ خدا عزوجل میں سفر کرنے والے عاشقانِ رسول کے ہمراہ دعوتِ اسلامی کے مدنی قافلوں میں سفر کرنا بہت بڑی سعادت ہے۔ ان مدنی قافلوں کی برکت سے پنج وقتہ نماز ونوافل کی پابندی کے ساتھ ساتھ پیارے آقا صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی سنتیں بھی سیکھنے کو ملتی ہیں اور علمِ دین کے لئے سفر کا ثواب الگ سے حاصل ہوتا ہے۔ حضرتِ ابودَرْدَاء رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہو ئے سناکہ، ''جو علم کی تلاش میں کسی راستے پر چلتاہے تواللہ تعالی اس کے لئے جنت کا راستہ آسان فرمادیتاہے اور بیشک فرشتے طالبُ العلم کے عمل سے خوش ہوکر اس کے لئے اپنے پر بچھا دیتے ہیں اور بے شک زمین وآسمان میں رہنے والے یہاں تک کہ پانی میں مچھلیاں عالم دین کے لئے استغفار کرتی ہیں اور عالم کی عابد پر فضیلت ایسی ہے جیسی چودھویں رات کے چاند کی دیگر ستاروں پر اور بے شک علماء وارث ِانبیا ء علیہم السلام ہیں بیشک انبیاء علیہم السلام درہم ودینار کا وارث نہیں بناتے بلکہ یہ نفوس ِ قدسیہ علیہم السلام تو صرف علم کا وارث بناتے ہیں تو جس نے اسے حاصل کرلیا اس نے بڑا حصہ پالیا ۔ ''
(سنن ابن ماجہ ، کتاب السنۃ ، الحدیث۲۲۳ ،ج۱،ص۱۴۵)