| رَہنمائے جدول |
اگر ہم مدنی مرکز کی ہدایات کے مطابق سفر کریں گے تو اِنْ شَاءَ اللہ عَزَّوَجَل شیطان سے حفاظت بھی رہے گی اور بیشمار نیکیاں حاصل کرنے میں آسانیاں بھی ملیں گی اور مدنی انعامات پر عمل کرنا ہمارے لئے بہت آسان ہوگا۔
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! چار مدنی پھولوں پر عمل کرنا ہمارے مدنی قافلے میں سفر کی بنیاد ہے جس طرح مکان کے دیرپارہنے کا انحصاراس کی بنیاد پر ہوتا ہے اسی طرح مدنی قافلے کی کامیابی ان چار اصولو ں پر منحصر ہے ۔
وہ چار مدنی پھول یہ ہیں:
(۱)امیر کی اطاعت (۲) شیطان کے حیلے اورسازشوں سے بچنا
(۳)صبر (۴)مساجدکا ادب واحترام کرنا۔(۱) امیر کی اطاعت:
پیارے اسلامی بھائیو!جب بھی کوئی سفر کیا جائے تو ہمیں چاہيے کہ کسی اسلامی بھائی کو اپنا امیر مقرر کر لیں جیسا کہ مَدَنی آقا صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کا فرمان عالیشان ہے''اگر تین شخص سفر میں ہو ں تو انہیں چاہے کہ ایک کو اپنا امیر بنالیں۔''
(کنزا لعمال ،الحدیث۱۷۴۹۶،ج ۶، ص۳۰۰ )
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! امیر کی اطاعت بہت ضروری ہے کیونکہ حدیثِ مبارکہ میں ہے کہ سرکارِ مدینہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمانِ ذیشان ہے کہ ''اگر تم پر کوئی نکٹا حبشی غلام بھی امیر مقررکر دیا جائے جو تمہیں اللہ عَزَّوَجَل کی کتاب کے مطابق چلائے تو اس کی بات سنو اوراطاعت کرو۔''
(صحیح مسلم ، کتاب الامارہ، باب وجوب طاعۃ الامراء فی غير معصےۃالخ، الحدیث:۱۸۳۸،ص۱۰۲۳،)