Brailvi Books

رَہنمائے جدول
178 - 248
    اسی طرح کسی موقع پر سرکارمدینہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم دردولت پر جلوہ فرما تھے اور کسی نے جب سوراخ سے جھانک کردیکھا تو سرکارصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے اظہار ناراضگی فرمایا ۔ جیسا کہ حضرت سہل بن ساعدی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم ،نورِ مجسم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کو ایک شخص نے حجرہ مبارک کے سوراخ سے جھانکا ۔ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم لوہے کی کنگھی سے سر مبارک کھجارہے تھے فرمایا : اگر میری توجہ اس طرف ہوتی کہ تو دیکھ رہا ہے تو اس لوہے کی کنگھی کو تیری آنکھ میں چبھودیتا۔ نظر سے بچاؤ کے لئے ہی تو اجازت طلب کرنے کا حکم ہے ۔

(جامع الترمذی ،کتاب الاستئذان ،باب من اطلع فی دار قوم بغیر اذنھم،الحدیث۲۷۱۷،ج۴،ص۳۲۵ )

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! 

    دوسروں کے گھروں میں جھانکنے سے بچنے کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے گھروں کے دروازے یا کھڑکیا ں بند رکھنی چاہیں یا ان پر کوئی سادہ سا پردہ وغیرہ ڈال دینا چاہيے جس کی وجہ سے بے پردگی نہ ہو ۔ 

    (۱۲)گھر کے انتظامات پر بے جا تنقید نہ کریں جس سے میزبان کی دل آزاری ہو۔ہاں ، اگر ناجائز بات دیکھیں ، مثلاً جاندار وں کی تصاویر وغیر ہ آویزاں ہوں تو احسن طریقے سے سمجھا دیں ۔ہوسکے توکچھ نہ کچھ تحفہ پیش کریں خواہ کتنا ہی کم قیمت ہو ،محبت بڑھے گی۔

    (۱۳)جو کچھ کھانے پینے کو پیش کیا جائے ۔ کوئی صحیح مجبوری نہ ہو تو ضرور قبول کریں ۔ ناپسند ہو جب بھی منہ نہ بگاڑیں کہ میز بان کی دل شکنی ہوگی۔

    (۱۴)واپسی پر اہل خانہ کے حق میں دعا بھی کریں اور شکریہ بھی ادا کریں ۔